منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام " شہادتِ سیدنا فاروقِ اعظمؓ کانفرنس" کا انعقاد

لاہور: منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مفتی غلام اصغر صدیقی کی زیرِصدارت " شہادتِ سیدنا فاروقِ اعظمؓ کانفرنس" جامعۃ الحسین منہاج القرآن رضوان گارڈن لاہور میں منعقد ہوئی۔
ناظمِ اعلیٰ نظام المدارس بورڈ پاکستان ڈاکٹر میر محمّد آصف اکبر قادری نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کا منہج صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام دونوں سے محبت اور عقیدت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا دورِ خلافت عدل و انصاف، دیانت داری اور فلاحِ انسانیت کی روشن مثال ہے جس سے آج بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
مفتی پیر شبیر انجم قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی دینی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن اہلِ سنت کے حقیقی منہج کی نمائندہ تحریک ہے، جو خلفائے راشدین، صحابہ کرام اور اہلِ بیتِ اطہار کے فضائل و مناقب کو یکساں طور پر اجاگر کر رہی ہے۔ مفتی محمّد اکرم سعیدی نے کہا کہ موجودہ دور میں امّتِ مسلمہ کو حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے قائم کردہ نظامِ عدل اور اصولِ حکمرانی کو اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں انصاف، امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
علامہ محمّد اعجاز احمد نعیمی نے کہا کہ صحابہ کرام اور اہلِ بیتِ اطہار کی محبت و عقیدت ہی اہلِ سنت کا امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدس ہستیوں کے پیغامِ محبت، اخوت اور اتحاد کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کانفرنس میں علامہ محمد خلیل احمد حنفی، مفتی محمد اقبال نورانی، علامہ محمد اقبال طاہری، علامہ محمد ظہیر احمد نعیمی، علامہ محمد فضل عباس چشتی، علامہ محمد ابوبکر قادری، علامہ محمد شعیب صدیقی سمیت دیگر جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتام پر پیر محمد اشفاق علی چشتی نے ملکی سلامتی، اتحادِ امتِ مسلمہ، استحکامِ پاکستان اور سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی خصوصی دعا کی۔
























تبصرہ